Live Updates

بھارت وسیع رقبے اور صدیوں پر محیط ریاستی تاریخ کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت وسیع رقبے اور صدیوں پر محیط ریاستی تاریخ کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، جعفرآباد ایکسپریس حملے میں غیر ملکی مداخلت کے شواہد کے باوجود پاکستان نے معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا، پہلگام سانحے پر بھارت کا ردعمل غیر ذمہ دارانہ تھا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ روئیے اور جنگجوانہ طرز عمل پروزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے 77 سالہ تاریخ اور محدود وسائل کے باوجود ہمیشہ بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے،جعفرآباد ایکسپریس حملے پر پاکستان نے ذمہ دارانہ رویہ اپنایا، داخلی خامیوں کا اعتراف کیا،غیر ملکی مداخلت کے شواہد کے باوجود پاکستان نے معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ پہلگام سانحے پر بھارت کا ردعمل غیر ذمہ دارانہ اور فوری تھا،بھارت کی حکومت اور میڈیا نے بغیر ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ 1993 سے لے کر اب تک کسی پاکستانی سیاسی رہنما نے انتخابی مقاصد کے لیے بھارت مخالف جذبات نہیں بھڑکائے،بھارت میں انتخابی مہم کے دوران” پاکستان کارڈ کھیلنا “ معمول بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک کرے،بھارتی میڈیا اور حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ستم ظریفی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات