ا*ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات پکڑی گئی، ملزمان گرفتار

ں*گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز

ہفتہ 26 اپریل 2025 18:20

Cلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات پکڑ کر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، اس دوران 7مختلف کارروائیوں کے دوران 8ملزمان کو گرفتار کرکے 5کروڑ 57لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 140.513 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

باغ ناران پارک پشاور کے قریب گاڑی سے 2کلوگرام چرس، 500عدد ایکسٹی گولیاں اور پستول برآمد کرکے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔حیات آباد (پشاور)میں کوریئر آفس میں جھنگ بھیجے جانے والے پارسل سے 30عدد ایکسٹی گولیاں برآمد ہوئیں، ادھر گلبرگ (لاہور)میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 8کلو 400گرام آئس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ (لاہور) کے قریب ٹرک سے 14کلو 400 افیون اور 34کلو 800گرام چرس برآمد کرکے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح کراچی میں سپر ہائی وے پر بسم اللہ مارکیٹ کے قریب ملزم کے بیگ سے 13کلو 200گرام چرس برآمد کی گئی۔ ادھر حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں مسافر بس میں سوار ملزم سے 8 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ حب (بلوچستان)کے علاقے وندر میں غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 41 کلو افیون اور 18 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔