پنجاب کے گورنر کی کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سے ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پنجاب کے عوام کے لیے ویزہ اور دستاویزات کے عمل میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے کراچی میں متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیتی سے ملاقات کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پنجاب کے عوام کے لیے ویزہ اور دستاویزات کے عمل میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جو دونوں فریقین کے مابین مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

ظہرانے کے بعد گورنر پنجاب نے کراچی میں قائم یو اے ای ویزہ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سینٹر میں فراہم کی جانے والی مثر خدمات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے عوام کو کراچی میں واقع یو اے ای قونصلیٹ کی جانب سے ویزہ پراسیسنگ اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

گورنر نے یو اے ای قونصلیٹ کے مسلسل تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پنجاب کے عوام کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے حکومتِ متحدہ عرب امارات کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔