Live Updates

بھارت نے پہل کی کوشش کی تو پاکستان کاہر بچہ ہر نوجوان اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملکر اس کو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے،ملک محمد فاروق

قوم کو اس وقت یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ، تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر حکومت اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہوجائیں،معروف سیاسی و سماجی رہنما

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) معروف سیاسی وسماجی رہنماملک محمد فاروق خوشحال گڑھ نے کہاہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا فیصلہ اور اقدامات بھارت کو منہ توڑ جواب ہے،قوم کو اس وقت یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے، اپنے تمام سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر حکومت اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہوجائیں،بھارت کا سندھ طاس منصوبہ کی معطلی بین الاقوامی معاہدہ کی خلاف ورزی ہے،ہندوستان تو دہشتگردوں کا سرغنہ ہے،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے عموما" بھارت کا ہاتھ رہاہے اب پھر بھارت نے سفارتی آداب کے منافی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ریاست اور حکومت پاکستان کو ملکر وطن عزیز کی سالمیت ،خودمختاری اور امن کو چیلنج کرنے والوں کو اتنی ہی شدت کے ساتھ جواب دیاجاناچاہیئے تاکہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کے ان کے مکروہ عزائم ملیا میٹ ہو جائیں، پاکستان کی سلامتی استحکام کیلئے محب وطن قوم ہر قدم پر افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ملک محمد فاروق خوشحال گڑھ نے مزید کہاکہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا الزام آبی دہشتگردی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

بہلگام واقعہ پر بھارت اور اس کے اتحادیوں کے پاکستان مخالف ردعمل نے واضح کردیا ہے کہ یہ ایک فالس فلیگ منصوبہ تھا جس کے تانے بانے اسرائیل اور خود بھارت کے شیطانی عزائم اور ابلیسی اتحاد ثلاثہ سے جڑتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو دھمکیاں لگانے سے پہلے ماضی کو دیکھ لیناچاہئیے ،پاکستان نے اس کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اگر اب بھی بھارت نے کسی ایڈونچر کی کوشش کی تو پاکستان کی طرف سے اس کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیاجائے گا،بھارت کو ہوش کے ناخن لیناہونگے اورا س بات کاخیال رکھناچاہئیے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے دانت کٹھے کئے اور اگر اب بھی بھارت نے کسی قسم کی پہل کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کاہر بچہ ہر نوجوان اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملکر اس کو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات