Live Updates

آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے جہدوجہد جاری رہے گی،فخرجہاں

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان نے کہا ہے کہ 29 سال پہلے بانی چیرمین عمران خان نے جس جماعت کی بنیاد رکھی تھی آج وہ پوری قوم کی اجتماعی آواز بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تحریک اور جدو جہد کو آگے لیکر جائیں گے اور آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشن کے تحت بونیر میں ترقیاتی عمل جاری رہے گا۔وہ گزشتہ روز ملک پور پیر بابا بونیر میں رکن صوبائی اسمبلی ریاض خان کی جانب سے منعقد کیئے گئے ورکرز کنونشن میں شرکت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔کنونشن میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان،جنرل سیکریٹری علی اصغر خان،ایم پی اے و ڈیڈک چیرمین کبیر خان سمیت تینوں حلقوں کے کارکنان،ناظمین،مشران علاقہ اور مقامی ورکرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کنونشن کا انعقاد پاکستان تحریک انصاف کی 29 ویں یوم تاسیس کے تاریخی دن کے موقع پر کیا گیا جس میں تمام قائدین نے خطاب کیا اور بانی چیرمین کی جدو جہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے انکی جہدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سید فخرجہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن 29 سال پہلے عمران خان نے جس پارٹی کی بنیاد رکھی تھی پورے ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انکے مشن کو آگے لیکر جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکے مشن کے تحت بونیر میں ترقیاتی کام کیئے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں ضلع بونیر کو اپنا پورا حصہ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بونیر کی ترقی و خوشحالی کا سنہرا دور آنے والا ہے اور انشاللہ ہم بونیر کو ایک ترقی یافتہ علاقہ بنائیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات