کراچی،شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ، شہریوں کی زندگی اجیرن

شہر کے مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقے بھی لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جہاں فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے

اتوار 27 اپریل 2025 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)کراچی میں شدید گرمی کے باوجود بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کے مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقے بھی لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جہاں فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ناظم آباد، رضویہ سوسائٹی، سولجر بازار سمیت دیگر ایسے علاقے، جو پہلے لوڈشیڈنگ سے مستثنی تھے، اب کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش جھیلنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

بعض علاقوں میں تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک جا پہنچا ہے، جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔گولیمار، لیاقت آباد، سرجانی ٹان، اورنگی ٹان اور کورنگی کے رہائشی بدترین بجلی بحران کا شکار ہیں۔ اسی طرح گارڈن، بفرزون، نارتھ کراچی، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے، جس کی وجہ سے شہری شدید گرمی میں اذیت ناک صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے بجلی فراہم کرنے والے اداروں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور فالٹ کے بہانے بجلی بند کرنے کا سلسلہ روکا جائے۔ ادھر کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ پر کوئی مثر وضاحت یا متبادل پلان سامنے نہیں آ سکا۔