Live Updates

کشمیریوں کے خلاف جابرانہ کارروائیاں تیز،متعددافراد گرفتار، مکانات مسمار

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے

اتوار 27 اپریل 2025 16:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کرتے ہوئے محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں اورگھروں پرچھاپوں کے دوراں سینکڑوں بے گناہ نوجوانوں کو گرفتارکیااور مزید گھروں کو بارود سے اڑادیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اورتحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے سرینگر، بڈگام، گاندربل، بارہمولہ، بانڈی پورہ، کپواڑہ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام اور پلوامہ سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں جن میں خاص طورپرحریت پسند کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

صرف سرینگر میں بٹہ مالو، صفاکدل، صورہ، پاندچھ، بمنہ، شالہ ٹینگ، لال بازار اور جڈی بل جیسے علاقوں میں 65سے زائد حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

(جاری ہے)

فورسز اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران مکینوں کو ہراساں کیا، سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیربھر میں گزشتہ چند دنوں میں دو ہزارسے زائد کشمیریوں خاص طور پر نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کارروائیوں کے دوران بھارتی فورسز نے بانڈی پورہ، کپواڑہ، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں مزید پانچ کشمیریوں کے مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔یہ گھر عامر نذیر وانی ، جمیل احمدشیر گوجری، عدنان صفی ڈار، عامر احمد ڈار اور فاروق احمدکے والدین کے تھے۔ دھماکوں سے پڑوسیوں کے درجنوں گھروں کوبھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جس سے کئی خاندان بے گھر ہو گئے اورانہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلگام حملے کے بعد مسماری کی ان تازہ ترین کارروائیوں میں کم از کم12 کشمیریوں کے گھر مکمل طور پر تباہ کئے چکے ہیں۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کے خلاف جاری ظلم وبربریت کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے گرفتاریوں اور گھروں کو مسمار کرنے کی ان کاررائیوں کو کشمیریوں کوبھارت کا غاصبانہ قبضہ تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کی ناکام کوشش قراردیا۔

ایڈوکیٹ منہاس نے تمام تر مشکلات کے باوجود حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ظالمانہ اقدامات کا فوی نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ حریت کانفرنس نے خبردارکیاکہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے کیونکہ خطے پر مسلسل جوہری جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات