ڈی پی او ننکانہ کا انصاف کی فراہمی کو شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری

ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس کا جامع مسجد نور مصطفی سٹی ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری کا انعقاد، ڈی پی او نے شہریوں کی درخواستیں اور مسائل سنے اور موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے

اتوار 27 اپریل 2025 17:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس کا انصاف کی فراہمی کو شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری۔ ڈی پی او نے جمعہ کی نماز کے بعد جامع مسجد نور مصطفی سٹی ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے شہریوں کی درخواستیں اور مسائل سنے اور موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

شہریوں نے ڈی پی او کو ٹریفک کے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ڈی پی او نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری کا مقصد تمام طبقات کے لوگوں سے رابط مہم یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کی پولیس سے متعلقہ شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر حل اولین ترجیح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام شہروں میں مثبت پٹرولنگ کا نظام ترتیب دیا گیا ہے جسمیں ایگلز سکواڈ اور ویمن ایگل سکواڈ شامل ہیں ویمن ایگل سکواڈ خصوصی طور پر سکولوں کالجوں اور دیگر اوقات میں موثر گشت کو یقینی بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ ہماری معصوم بچیاں، بچے، بیٹیاں اور بیٹے محفوظ رہ سکیں اس کے علاوہ موبائل گشت اور ایلیٹ کی پٹرولنگ سے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ٹریفک پولیس کا پلان ترتیب دیا گیا ہے جس سے ٹریفک کے نظام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ مسجد میں آ کر کھلی کچہری کا بنیادی مقصد کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ کھلی کچہری کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی ننکانہ محمد جاوید، ایس ایچ او تھانہ سٹی آصف بھٹی، علاقہ معززین، پولیس افسران و ملازمان اور شہری موجود تھے۔