Live Updates

بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، بیگم شاہدہ قدیر

بھارت کی طرف سے پانی بند کرنے کی دھمکیاں اور جنگی جنون اس کی مایوسی اور خوف کی واضح علامت ہے،مسلم لیگی رہنما

اتوار 27 اپریل 2025 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ کے بعدجاری ہونے والا اعلامیہ خوش آئندہے اور پوری قوم کی امنگوں کے مطابق ہے جس پر ہم خصوصی طورپر وزیراعظم شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی کی بوکھلاہٹ اور تنگ نظری انڈیا کو تباہ کردے گی اورانہیں اس بات کا ادراک بھی ہے کہ پاکستان نہ کوئی ترنوالہ ہے اور نہ ہی انڈین آرمی پاک افواج کا مقابلہ کرسکتی ہے،اگر بھارت نے آبی جارحیت کا سوچا بھی تو یہ مودی سرکاری کی آخری غلطی ہوگی ،پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن جنگ مسلط کرنے والوں کو معاف بھی نہیں کریں گے۔

مسلم لیگی رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے مزید کہاکہ بھارت کی طرف سے پانی بند کرنے کی دھمکیاں اور جنگی جنون اس کی مایوسی اور خوف کی واضح علامت ہے،حکومت، افواج پاکستان اور پاکستان کی محب وطن عوام بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے مرعوب نہیںہونگے،افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے،پاکستان کے میزائل بھارت کے تمام بڑے شہروں کو چند منٹوں میں مٹی کے ڈھیروں میں تبدیل کرسکتے ہیں،بھارت نے ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے،ملکی بقاء اور سلامتی اور دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے شہداء نے عظیم قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے،پوری قوم دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے وطن عزیز کی حفاظت کیلئے کٹ مرنے کیلئے تیار ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات