معذور افراد کے ووٹ کے اندراج اور اہمیت بارے سیمینار کا انعقاد

اتوار 27 اپریل 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رضوانہ لطیف کی زیرصدارت معذور افراد کے ووٹ کے اندراج اور اہمیت پر سمینار کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اور معذور افراد نے سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رضوانہ لطیف نے کہا کہ افراد باہم معذوری سے تعلق رکھنے والے افراد کا ووٹ نہ صرف ان کا آئینی اور قانونی حق ہے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کا ضامن بھی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کوشش ہے کہ ہر معذور فرد آسانی سے اپنا ووٹ درج کرا سکے اور باعزت طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ معذور افراد کو باہم اختیار بنانا اور انہیں سیاسی عمل میں فعال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی اس مہم کو مزید تیز کرے گی تاکہ تمام شہری بلا تفریق اپنے ووٹ کا اندراج کرا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر غالب عباسی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ہر فورم پر افراد باہم معذوری تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل اور ان کے حل کے لیے اپنی مثبت تجاویز دیتا رہے گا۔ ہم اپنی این جی اوز کے ذریعے ان کے ووٹ کے اندراج میں بھرپور معاونت فراہم کریں گے تاکہ وہ معاشرتی دھارے میں شامل ہو سکیں۔