Live Updates

بلٹ ٹرین چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل

مریم اورنگزیب ورکنگ گروپ کی تجاویز آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ کو پیش کریں گی

اتوار 27 اپریل 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی صدارت میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

مریم اورنگزیب نے منصوبے کی فیزیبلٹی، ٹائم لائن کی تیاری کیلئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان، مشیر وزیرعلیٰ پنجاب شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے پر مشتمل ورکنگ گروپ بنا دیا، مریم اورنگزیب ورکنگ گروپ کی تجاویز آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ کو پیش کریں گی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آصف طفیل ذاتی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا آغاز کر کے نواز شریف اور مریم نواز شریف عوام سے اپنے ایک اور وعدے کو پورا کریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوام کو سفر کی سستی، تیز ترین اور آرام دہ سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے ٹرین عوامی سواری ہے اسے جدید معیار پر لانا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن بھی پلان میں شامل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ سیاحت پنجاب کے تعاون سے راولپنڈی تا لاہور ٹریک کو خوبصورت بنانے کی تجویز پر کام کریں گے۔

یاد رہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سوا 2 سے اڑھائی گھنٹے میں فاصلہ طے کر کے منزل پر پہنچا کرے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات