ڈاکٹر قادر مگسی کی سندھ کے مختلف شہروں میں نہروں اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاجی دھرنوں پر پولیس کی چڑھائی اور تشدد کی مذمت

اتوار 27 اپریل 2025 21:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ کے مختلف شہروں میں نہروں اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاجی دھرنوں پر پولیس کی چڑھائی اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت پرامن احتجاجوں پر حملے کرا کے آمریت کے دور کو دہرا رہی ہے۔ سندھ میں گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری احتجاجی تحریک پرامن رہی ہے۔

اس دوران نہ کہیں کوئی نقصان ہوا ہے، نہ کسی کو پتھر لگا ہے اور نہ کسی گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہے، مگر پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ حکمران ہوش سے کام لیں، ان کے ان ہتھکنڈوں سے تحریک دبائی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے جشن منانے کا ڈھونگ سندھ حکومت کی پولیس کی ان پرتشدد کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ ان آمریت زدہ اقدامات سے سندھ کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ سندھ اپنی بقا کے لیے دریائے سندھ پر نہروں اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ اب یہ تحریک سندھ کی ہر گلی کوچے تک پہنچ چکی ہے۔ عوام حوصلے کے ساتھ اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں، آخر کار حکمرانوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، چیئرمین ایس ٹی پی ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اگر ریاستی طاقت کا استعمال کیا گیا تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ حکمرانوں کو اگر احتجاج ختم کرانا ہے تو اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ وہ سندھ دشمن منصوبے ختم کریں۔