گ*اکیڈمی کے بیڈمنٹن کوچ فیض اللہ کاکڑ کی محنت بھی قابل ستائش ہے، مینا مجید بلوچ

جن کی زیر نگرانی نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی،صوبائی مشیر کھیل

اتوار 27 اپریل 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی خصوصی دلچسپی اور مخلصانہ کوششوں سے کوئٹہ میں کھیلوں کے فروغ کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔ انہی کی سرپرستی میں کوئٹہ بیڈمنٹن اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح ستائیس جنوری بروز اتوار، ابرار ہال ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں عمل میں آیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کوئٹہ عمران حیات تھے۔

تقریب کے دوران معین اور احتشام کے درمیان نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا جس نے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔یہ اکیڈمی محترمہ مینا مجید بلوچ کے وژن کا عملی مظہر ہے، جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ بیڈمنٹن اکیڈمی کے صدر اسامہ خالد، جنرل سیکریٹری فیض اللہ خان کاکڑ اور خزان محمد صابر کاسی سمیت تمام عہدیداران نے محترمہ مینا مجید بلوچ کی قیادت میں بیڈمنٹن کھیل کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

اکیڈمی کے بیڈمنٹن کوچ فیض اللہ کاکڑ کی محنت بھی قابل ستائش ہے، جن کی زیر نگرانی نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔ اکیڈمی کی فعالیت سے کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں بیڈمنٹن کے شعبے میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔محترمہ مینا مجید بلوچ کی قیادت میں صوبہ بلوچستان میں کھیلوں کی ترقی کا یہ سفر کامیابی سے جاری ہے، جس سے نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے بہترین مواقع میسر آ رہے ہیں۔