Live Updates

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے دو میچوں کا شیڈول تبدیل

اتوار 27 اپریل 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے دو میچوں کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق یکم مئی کو دوپہر کے وقت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ جس میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گے ، اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، میچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا،اس تبدیلی کے بعد قذافی اسٹیڈیم یکم مئی کو ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا۔

شام کے وقت قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول دوسرا میچ لاہور قلندرز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،اپنے مقررہ وقت رات 8 بجے ہی شروع ہوگا۔ترجمان کے مطابق ملتان میں پی ایس ایل کا آخری میچ جو پہلے 10 مئی دوپہر کو ہونا تھا، اب11 مئی کی شام کو کھیلا جائے گا، اس میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے، میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ملک کے بعض حصوں میں شدید گرمی کی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق یکم مئی کو ملتان میں ہونے والے میچ کے لیے آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کی رقم خودکار طریقے سے صارفین کے اکائونٹس میں واپس کر دی جائے گی جبکہ ایکسپریس سینٹرز سے خریدے گئے ٹکٹ فینز کو ٹی سی ایس آئوٹ لیٹس سے خود جا کر واپس کرنا ہوں گے، اس حوالے سے شائقین کو پیش آنے والی کسی بھی زحمت پر پی سی بی نے معذرت کا اظہار کیا ہے۔اسی طرح یکم مئی کی شام والے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ سے شائقین اب لاہور میں ڈبل ہیڈر کا لطف اٹھا سکیں گے، اسی طرح10 مئی کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ 11 مئی کو بھی قابل استعمال ہوں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات