Live Updates

باغ ،بھارت کی جنگی جنونیت پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ

پیر 28 اپریل 2025 17:06

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آزاد کشمیر کے صدر سید ساجد حسین کاظمی نے پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی اور پہلگام واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جنگی جنونیت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر جاری ہے بلکہ وہ بین الاقوامی معاہدوں کی دھجیاں بھی اڑا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کر کے بھارت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اسے کسی عالمی قانون یا اصول کی پرواہ نہیں۔ پانی کے مسئلے کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش خطے میں ایک نئے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔صدر تحریک کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر محاذ پر ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ افواج پاکستان کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دفاع وطن اور کشمیری عوام کی حمایت میں سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔\378
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات