Live Updates

کراچی کے نوجوان ماہرین امراضِ قلب نے تحقیقاتی گرانٹس جیت لیں

پیر 28 اپریل 2025 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) کراچی کے تین نوجوان ماہرین امراضِ قلب نے پاک لائیو 2025 کانفرنس کے دوران "شارک ٹینک انٹروینشنل کارڈیالوجی" مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تحقیقاتی گرانٹس اپنے نام کرلیں۔پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی (PSIC) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں منعقدہ یہ کانفرنس اتوار کو اختتام پذیر ہوئی، جس میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں ماہرین امراضِ قلب نے شرکت کی۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے ڈاکٹر جمشید علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور تین لاکھ روپے کی تحقیقی گرانٹ جیتی۔ ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی سے ڈاکٹر مشعل زہرہ نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دو لاکھ روپے جبکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوویسکولر ڈیزیزز (NICVD) کراچی کی ڈاکٹر پونم بائی نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے ایک لاکھ روپے کی گرانٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

شارک ٹینک انٹروینشنل کارڈیالوجی" مقابلہ فارمیوو ریسرچ فورم اور پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد نوجوان ماہرین امراضِ قلب کو تحقیق کی جانب راغب کرنا اور ملک میں مقامی سطح پر ڈیٹا اکٹھا کرنے کی روایت کو فروغ دینا ہے۔ اس مقابلے میں نوجوان ڈاکٹروں کو اپنے تحقیقی منصوبے سینئر ماہرین کے سامنے پیش کر کے گرانٹس حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

کانفرنس کے منتظمین کے مطابق ملک بھر کے 17 اداروں سے 30 تحقیقی منصوبے موصول ہوئے، جن میں سے سخت جانچ پڑتال کے بعد 10 منصوبے حتمی مقابلے کے لیے منتخب کیے گئے۔تقریب میں پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی کے نائب صدر اور بحریہ انٹرنیشنل اسپتال لاہور کے سربراہِ امراضِ قلب پروفیسر ڈاکٹر نعمان نصیر نے کہا کہ پاکستان میں تحقیق کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مقامی ڈیٹا کی بنیاد پر مریضوں کے لیے بہتر علاج کے فیصلے کیے جا سکیں۔

فارمیوو کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز عبدالصمد نے ادارے کی جانب سے تحقیقاتی سرگرمیوں اور صحت کی اخلاقی ترویج میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاک لائیو کے منتظم اور معروف ماہر امراضِ قلب پروفیسر ڈاکٹر بشیر حنیف نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے نوجوان ماہرین امراضِ قلب کو سیکھنے اور براہ راست انٹروینشنل پروسیجرز دیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے تاکہ ان کی عملی تربیت کو بہتر بنایا جا سکے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات