Live Updates

کینالوں کا منصوبہ ختم کرنے کا باضابطہ کوئی حکم نامہ جاری نہیں ہوا،بیرسٹر سرفراز میتلو

پیر 28 اپریل 2025 20:57

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) سندھ ہائی کورٹ بار کونسل کے صدر بیرسٹر سرفراز میتلو نے کہا ہے کہ کینالوں کا منصوبہ ختم کرنے کا باضابطہ کوئی حکم نامہ جاری نہیں ہوا، متنازعہ کینالوں کا فیصلہ مسترد ہونے تک وکلاء برادری کا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، سندھ کے تحفظ کے لیے وکلاء برادری ضرور آواز اٹھائے گی، ہم تمام پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ناکام سازش کی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وکلاء دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں، وکلاء کے پرامن احتجاج نے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو ہونے والا سی سی آئی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے وفاقی و سندھ حکومت نے رابطہ کرکے یقین دلایا ہے کہ آج کینال منصوبہ ختم کیا جائے گا، کینالوں کے منصوبے کے خاتمے کا نوٹیفکیشن ملنے تک دھرنا ختم نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ یہ کام منتخب نمائندوں کا ہے لیکن ہم کررہے ہیں کیوں لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں، وکلاء نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی تحریک چلائی ہے، جب تک سندھ کے بنیادی حقوق پر ایسے حملے ہونگے وکلاء اپنا کردارر ادا کریں گے، بیرسٹر سرفراز میتلو نے مزید کہا کہ سندھ میں شدید بدامنی ہے وفاقی و صوبائی حکومتیں امن و امان کو بحال کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ بیلٹ کے علاقوں میں بدامنی کی لہر زیادہ ہے، بدامنی کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی اور شہری خواتین و مردوں کے لیے روزگار ضروری ہے اور معاشرے میں تعلیم ہر فرد کے لیے ضروری ہے، اس موقع پر بار ایسوسی ایشن جیکب آباد کے صدر مظفر رند نے بیرسٹر سرفراز میتلو کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد کی وکلاء برادری سندھ کے حقوق کے لیے ہر تحریک میں صف اول کا کردار ادا کرتے رہی گی اور کینالوں کے معاملے پر جیکب آباد کی وکلاء برادری نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جی ایم سومرو، سید غلام حسین شاہ، مصری خان جکھرانی، عبدالجبار لاشاری، زبیدہ جکھرانی، سید اعجاز شاہ، اعظم عاربانی اور دیگر بھی خطاب کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات