Live Updates

کپواڑہ ،فوجیوں کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید

وحشیانہ کریک ڈائون کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کیلئے پر عزم

پیر 28 اپریل 2025 23:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں ایک اورکشمیری شہری کو شہید کر دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ہفتہ کی شب ضلع کے علاقے کنڈی خاص میں 43سالہ سماجی کارکن غلام رسول ماگرے کے گھر پر چھاپے کے وران اسے گولی مارکر شدید زخمی کر دیاتھا۔

انہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جایاگیا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔مقامی لوگوں نے غلام رسول ماگرے کے قتل کے خلاف زبردست احتجاج کیااورانصاف کا مطالبہ کیا۔مقتولہ کی والدہ حاجرہ بیگم نے میڈیا کو بتایاکہ بھارتی فوجیوں نے ان کے گھر پر دھاوا بول کر انہیں گالیاں دیں اور ان کے بیٹے کو گھسیٹتے ہوئے باہر لے گئے اور گولی ماردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکا بیٹا ایک محنت کش تھا جس نے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایاا ور اسے بلاوجواز طورپر قتل کیاگیا۔ادھر بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع ڈوڈہ میں 13مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا اور اہم دستاویزات اورموبائل اور لیپ ٹاپس سمیت ڈیجیٹل ڈیوائسزقبضے میں لے لیں۔ وادی کشمیر اور جموں کے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوجیوں نے بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں جعلی مقابلوں میں3 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، وادی کشمیر سے 2ہزارسے زائد کشمیریوں کو گرفتار اور کم سے کم ایک درجن مکانوں کو مسمار کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں اور مکانات کو مہندم کرنے کی بھارتی فوجیوں کی کارروائیوں پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے ۔

انہوں نے افسوس ظاہرکیا کہ کشمیریوں کواپنا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوجیوں نے جنہیں کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کے قتل عام اورگرفتاریوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ،مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔ حریت ترجمان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کی اورجدوجہد آزادی کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

دریں اثناء میڈیا کی آزادی پر قدغن اور تنقیدی آوازوں کو دبانے کیلئے بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد 16پاکستانی یوٹیوب چینلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کی ہدایات پر ڈان نیوز، سما ٹی وی، جیو نیوز، اے آر وائی نیوز، بول نیوز جیسے نیوز چینلز کے علاوہ ممتاز صحافیوں کے یوٹیوب چینلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات