ایم این اے محمد جاوید حنیف خان کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس

پیر 28 اپریل 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس ایم این اے محمد جاوید حنیف خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں کمیٹی نے دھات/سٹیل کے شعبے کے لیے ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم (ای ایف ایس) کے حوالے سے بات چیت کی ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 12 اپریل 2025ء کو ایک مسودہ قانونی ریگولیٹری آرڈر (ایس آر او) جاری کیا تھا ، لیکن اس کا حتمی نوٹیفکیشن زیر التواء رہا جس پر اراکین نے تشویش کا اظہار کیا ۔

لوہے اور فولاد کے شعبے کے لیے عارضی ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی خدشات اٹھائے گئے۔ اس کے علاوہ اراکین نے پہلے سے منظور شدہ سفارشات پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے متاثرہ سٹیک ہولڈرز کی مدد کرنے اور سیکٹر کی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک تیز رفتار حل کی ضرورت پر زور دیا ۔کمیٹی نے متفقہ طور پر "اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز (ترمیم) بل 2025" بھی منظور کیا ۔

وزارت تجارت نے کمیٹی کو امدادی منصوبوں میں غیر ملکی گرانٹ میں استعمال ہونے والی اشیاء کی درآمد پر عائد ترامیم سے آگاہ کیا جس کا مقصد مالی سال 2020-21 کا احاطہ کرنے کے لئے یکم جولائی 2020ء سے ماضی سے متعلق ریلیف فراہم کرنا ہے ۔اس طرح کی ترامیم کے کم سے کم مالی مضمرات کو تسلیم کرتے ہوئے کمیٹی کے اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ ترامیم ملکی معیشت کے وسیع تر مفادات کی تکمیل کریں گی ۔

اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی محمد مبین آصف ، اسامہ احمد میلہ ، ڈاکٹر مرزا اختیر بیگ ، اسد عالم نیازی ، فرحان چشتی ، محمد احمد چٹھہ ، طاہرہ اورنگزیب ، کرن حیدر ، گل اصغر خان اور خورشید احمد جونیجو نے ذاتی طور پر شرکت کی جبکہ ایم این اے رانا عاطف ، شائستہ پرویز اور علی سرفراز نے میٹنگ میں ورچوئل شرکت کی ۔ اجلاس میں وزارت تجارت ، ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔