میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا

ایک انٹرویو کے دوران سوال پوچھا گیا جس پر جنگ کے خدشات سے متعلق جواب دیا، 2،3 دنوں میں جنگ چھڑنے کے خدشے سے متعلق بیان پر خواجہ آصف نے وضاحت کر دی

muhammad ali محمد علی پیر 28 اپریل 2025 20:13

میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2025ء) وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا، ایک انٹرویو کے دوران سوال پوچھا گیا جس پر جنگ کے خدشات سے متعلق جواب دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیر کے روز ایک بیان نے ہلچل مچا دی جس میں انہوں نے کہا کہ 2،3 دنوں کے اندر جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے۔ تاہم اب وزیر دفاع نے 2،3 دنوں میں جنگ چھڑنے کے خدشے سے متعلق بیان پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا، ایک انٹرویو کے دوران سوال کے جواب میں کہا تھا کہ خطے میں جنگ کے خدشات ہیں، پاکستان جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

انٹرویو میں مجھ سے جنگ سے متعلق سوال ہوا تھا، میں نے جواب میں کہا کہ 3،4 دن بہت اہم ہیں، میں نے 3 دن میں جنگ چھڑ جانے کی بات نہیں کی، لیکن خطرہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا تھا کہ اس خطے پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، ہم جنگ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں، اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ 2 سے 3 روز میں جنگ چھڑ جائے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پوری قومی طاقت کا مطلب ہمارے پاس موجود تمام صلاحیتوں کا استعمال ہے۔ دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوج کھڑی ہے، خطرہ موجود ہے، ایسی صورتحال پیدا ہو تو ہم اسے کے لیے بھی 100 فیصد تیار ہیں، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، تینوں مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے تیار کھڑی ہیں۔ چند دن میں جنگ کا خطرہ ضرور موجود ہے مگر کشیدگی کم بھی ہوسکتی ہے، دوست ممالک کی بھی کوششیں جاری ہیں ہوسکتا ہے بھارت کچھ عقل کرے۔