سرکاری ہسپتالوں میں سرجری کے منتظر مریضوں کی سرجری ،پولیس اہلکاروں پر ہسپتالوں میں علاج کیلئے داخلہ بند کرنے کا اعلان

�ھنٹوں میں مذاکرات نہ ہوئے تو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ان ڈور سروسز بھی بند کر دی جائیں گی،آج صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے کرینگے دھرنا ،ٹیچنگ ہسپتالوں کی ہڑتال بلا جواز ہے ،،کسی کو شرپسندی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے‘ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر مظاہرین کاسرنجز اور قینچیوں سے پولیس پر حملہ افسوسناک ہے ، بی ایچ یوز کی آئوٹ سورسنگ کیلئے 9 ہزار ڈاکٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا‘ بیان

پیر 28 اپریل 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنمائوں نے سرکاری ہسپتالوں میں سرجری کے منتظر مریضوں کی سرجری بند کرنے کا اعلان کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میںسرجری کے منتظر مریضوں کی سرجری کا شیڈول منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ پولیس اہلکاروں پر ہسپتالوں میں علاج کے داخلے بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے کہا کہ ہمارے دس ساتھی پولیس کے ساتھ تصادم میں زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے پنجاب کی حکومت کو دھمکی دی کہ 48گھنٹوں میں مذاکرات کئے جائیں ، اگر مذاکرات نہ ہوئے تو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ان ڈور سروسز بھی بند کر دی جائیں گی۔ عہدیداروں نے مزید کہا کہ اگر مظاہرین پر کسی قسم کا مقدمہ درج کیا گیا تو ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی بند کردیں گے۔

(جاری ہے)

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے کہا کہ آج منگل سے پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ چیئرنگ کراس اور کلب چوک پر احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔دوسری جانب وزیر صحت خواجہ عمران نے کہا ہے کہ دھرنا اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی ہڑتال بلا جواز ہے ، کسی ہیلتھ ورکر کو بے روز گار نہیں کر رہے ۔ حکومت شعبہ صحت میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ہم 20 ہزار کمیونٹی انسپکٹرز بھرتی کر رہے ہیں ۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو شرپسندی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مظاہرین کاسرنجز اور قینچیوں سے پولیس پر حملہ افسوسناک ہے ، ہسپتالوں میں علاج بند کرکے مریضوں کو خوار کرنا غیر انسانی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایچ یوز کی آئوٹ سورسنگ کیلئے 9 ہزار ڈاکٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا، آئوٹ سورس میں ڈاکٹرز کی دلچسپی منصوبے کے بہترین ہونے کا ثبوت ہے