Live Updates

مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعظم کی زیر صدارت سی سی آئی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی، نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر ٹیکنیکل کمیٹی بنا کر آگے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 28 اپریل 2025 22:51

مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2025ء) مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کی منظوری دے دی، وزیراعظم کی زیر صدارت سی سی آئی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر ٹیکنیکل کمیٹی بنا کر آگے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر ٹیکنیکل کمیٹی بنا کر آگے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزراء اسحق ڈار، خواجہ آصف اور امیر مقام شریک ہوئے جبکہ کونسل کے اجلاس میں 25افراد نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں 6نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

کونسل کی جانب سے کینالز سے متعلق ایکنک کا 7فروری کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے معاملے کو دوبارہ ارسا کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سی سی آئی نے فیصلہ کیا کہ باہمی افہام و تفہیم کے بغیر کوئی نئی نہریں نہیں بنائی جائیں گی، جب تک صوبوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے نہیں ہوتا وفاقی حکومت نئی نہروں کی تعمیر آگے نہیں بڑھائے گی۔

اجلاس میں تمام صوبوں کو شامل کرتے ہوئے زرعی پالیسی اور پانی کے انتظام کے بنیادی ڈھانچے کیلئے طویل المدتی متفقہ روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ تمام صوبوں کے پانی کے حقوق 1991کے پانی کی تقسیم کے معاہدے اور واٹر پالیسی 2018کے تحت محفوظ ہیں۔ اجلاس میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے یکطرفہ، غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ سی سی آئی نے قومی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ممکنہ بھارتی جارحیت اور مس ایڈونچر کے تناظر میں پوری قوم کیلئے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے، لیکن اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات