Live Updates

معاشی بحالی کیلئے بیوروکریسی اور بزنس کمیونٹی سمیت ہم سب کو اپنی سوچ اور طرز عمل کو یکسر بدلنا ہوگا،ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 29 اپریل 2025 16:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) معاشی بحالی کیلئے بیوروکریسی اور بزنس کمیونٹی سمیت ہم سب کو اپنی سوچ اور طرز عمل کو یکسر بدلنا ہوگا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن پشاور میں زیر تربیت 37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کرنے کے علاوہ ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی اور شرکا کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل فیصل آباد کی شناخت ہے مگر گزشتہ 2دہائیوں سے اس شہر کا صنعتی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہوا ہے اورآج یہاں کاروں کی اسمبلنگ کے علاوہ فارماسوٹیکل، فوڈ اور کنفکشنری، ڈائپر اور ٹائلز کی بھی برآمد ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’حکومت پاکستان کے’اڑان پاکستان“ پروگرام کے تحت برآمدات کو 60ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی برآمدات کو 100ارب ڈالر تک لے جا سکتے ہیں مگر اس مقصد کیلئے ہمیں دیگر متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت کرنا ہوگی۔ انہوں نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل اور سازگار ماحول مہیا کرنے کے علاوہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بنیادی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اور سپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل بہت اچھا کام کر رہے ہیں جس سے حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ کو آرڈی نیٹر کیپٹن (ر) خالد محمود نے مہمان نوازی پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے طارق بختیار کو چیمبر جبکہ طارق بختیار نے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کو نیپا پشاور کی شیلڈ پیش کی۔ سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاکو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی پن بھی لگائی گئیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات