شعبہ قرآنک اسٹڈیز فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح ہو گیا

منگل 29 اپریل 2025 19:52

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) شعبہ قرآنک اسٹڈیز فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح ہو گیا۔ کانفرنس میں ترکیہ، ملائیشیاء، اردن، انڈونیشیا، مصر،برطانیہ، سعودی عرب اورپاکستان بھر سے ممتاز اہل علم اور 200 سے زائد سکالرز شریک ہیں۔

عصر حاضر میں قرآن کے سائنسی اور فکری رجحانات اور درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں میگا سیشنز کے ساتھ ساتھ 11 متوازی سیشن بھی منعقد ہوں گے۔ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ کی 100 سالہ دینی اور علمی خدمات ہیں۔

(جاری ہے)

خصوصا دینی تعلیمات کی نشرو اشاعت میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور برصغیر میں ایک منفرد مقام کی حامل جامعہ ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، فیکلٹی ممبران اور طلباو طالبات کی جانب سے خوش آمدید کہا۔ افتتاحی اجلاس میں برطانیہ سے ڈاکٹر مشرف حسین، ترکیہ سے پروفیسر ڈاکٹر دوگان کپلن ، ملائیشیا سے پروفیسر ڈاکٹر محمد خیری بن محی الدین، انڈونیشیا سے ڈاکٹر ہینڈری تنجنگ، جامعہ الازہر مصر سے پروفیسر ڈاکٹر احمد محمدالشرقاوی ، مالدیپ سے ڈاکٹر محمد مرسلین ، اردن سے ڈاکٹر عبدالقادر ہارون ،اس کے علاوہ سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری ، سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم خان ، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسرڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی ، پرو وائس چانسلرویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔

کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر ضیاء الرحمن نے قومی اور بین الاقوامی مندوبین کی آمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ کرام کی موجودگی سے اساتذہ اور طلباو طالبات عصر حاضر کے علوم اور فکری کے نئے دریچوں ے آشنا ہوں گے۔ اہل بہاول پور ان کے افکار اور خیالات سے علمی اور فکری آبیاری کریں گے۔ ڈاکٹر حافظ محمد سلطان محمود خان کانفرنس فوکل پرسن نے کہا کہ کانفرنس کے موضوعات امت مسلمہ کو دور حاضر میں درپیش چیلنجز کے تناظر میں طے کیے گئے ہیں تاکہ حاضرین کو موجودہ حالات میں علمی رہنمائی مل سکے۔