Live Updates

استحکام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر ملک سعد اللہ جان ترین کا زرغونہ ترین کے خلاف پروپیگنڈے پر شدید ردعمل

منگل 29 اپریل 2025 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) استحکام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر ملک سعد اللہ جان ترین نے سوشل میڈیا پر پولیس کی باہمت افسر زرغونہ منظور ترین کے خلاف جاری منفی مہم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب جھوٹ پر مبنی ایک سوچی سمجھی سازش ہے، جس کا مقصد ایک باکردار خاتون افسر کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔

انہوں نے کہا "ماہرنگ اور بیبو بلوچ پر تشدد کے حوالے سے پھیلائی گئی خبریں سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ یہ محض کچھ مفاد پرست عناصر کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا ہے، جس کا مقصد ایک باکردار خاتون افسر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ملک سعد اللہ جان ترین نے کہا کہ زرغونہ ترین ایک باوقار، دیانتدار اور فرض شناس پختون بیٹی ہے، جو بیرونی ایجنڈوں کا حصہ بننے کے بجائے ریاستی ادارے کے ساتھ کھڑی ہے اور حلال رزق کمانے کو ترجیح دیتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا واحد "جرم" یہ ہے کہ انہوں نے قوم پرستی کی سیاست کا حصہ بننے سے انکار کیا، اور اپنے فرائض کو ایمان داری سے نبھایا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی وائے سی جیسے تنظیموں سے منسلک جعلی سوشل میڈیا اکانٹس کی جانب سے ایسے جھوٹ پھیلائے جا رہے ہیں جو زرغونہ ترین جیسی فرض شناس افسران کی جان کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔صوبائی صدر ملک سعد اللہ جان ترین نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) سائبر کرائم ونگ سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام سوشل میڈیا اکانٹس کی مکمل چھان بین کی جائے، اور ان کے پیچھے موجود عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے انہوں نے آخر میں کہا کہ بلوچستان کی تہذیب اور قبائلی روایات میں خواتین کا احترام اور چادر و چاردیواری کا تقدس مقدم ہے، اور زرغونہ ترین جیسی بہادر خواتین افسران ریاست کا فخر ہیں، جن کے خلاف پروپیگنڈا قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات