Live Updates

تونگ میں روڈ حادثے پر ڈاکٹر لال چند اکرانی کی کولہی برادری کے متاثرین سے ملاقات، تعزیت، امداد کا اعلان

منگل 29 اپریل 2025 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) تونگ کے قریب پیش آنے والے المناک حادثے میں کولہی برادری کے 18 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہونے والے افسوسناک واقعے پر وزیراعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر لال چند اکرانی نے زخمیوں کی عیادت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر لال چند اکرانی نے زخمیوں سے فردا فردا ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور حکومت سندھ کی جانب سے مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی، بعد ازاں انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ سندھ کے صدر و وزیراعلی سندھ کے معاون خاص برائے اقلیتی امور ڈاکٹر لال چند اکرانی نے محکمہ برائے اقلیتی امور کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر لال چند اکرانی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے جب کہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر لال چند اکرانی کے ہمراہ سینیٹر کرشنا کماری کولہی، رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ تنزیلہ قمبرانی، وزیراعلی سندھ کے معاونِ خصوصی ویرجی کولہی، پاکستان پیپلز پارٹی تعلقہ تھانہ بولا خان کے صدر کامریڈ بھگوان داس کوہستانی بھی تھے۔

پی پی پی رہنماں نے سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوم طبقات اور اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آزمائش کی اس گھڑی میں بھی متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ڈاکٹر لال چند اکرانی نے مزید کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت سندھ زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتی ہے اور ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات