Live Updates

صوبائی محتسب سندھ اور زیبسٹ یونیورسٹی کراچی کے اشتراک سے پانچویں برینڈ ایمبیسڈر پروگرام کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)صوبائی محتسب سندھ اور زیبسٹ یونیورسٹی کراچی کے اشتراک سے پانچویں برینڈ ایمبیسڈر پروگرام سے متعلق سیمینار زیبسٹ یونیورسٹی کلفٹن میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ برینڈ ایمبیسڈر پروگرام کا مقصد نوجوان طلبا کے ذریعے محکمے سے متعلق عوامی آگاہی پھیلانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے حالیہ سروے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 25 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جبکہ سندھ کی آبادی 50 ملین ہے لیکن صوبائی محتسب سندھ میں درج شکایات صرف نو ہزار ہیں۔ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ لوگوں کا عدم اعتماد، عدم دلچسپی، خوف یا آگاہی نہ ہونا بھی شکایات کے اندراج میں کمی کا سبب ہوسکتا ہے لہذا ہمیں لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ صوبائی محتسب سندھ بھی سرکاری محکموں میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف انصاف فراہم کرنے کا ایک ایسا ادارہ ہے جہاں عوام کو مفت اور شفاف انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کے خلاف عوامی شکایات کو کم از کم 90 روز میں نمٹانے کی کوشش کررہے ہیں، ہم اون موشن از خود نوٹس اور سیکشن 33 کی بنیاد پر مفاد عامہ کے کیسز بھی نمٹا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے بعض شکایات دیر سے حل ہوں لیکن قابل اطمینان بات یہ ہے کہ عوام کو انصاف پہنچا رہے ہیں۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے سیمینار میں وقف سوالات کے موقع پر طلبا کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔

قبل ازیں سیمینار میں زیبسٹ یونیورسٹی کے نائب صدر امتیاز قاضی نے استقبالیہ خطاب میں سیمینار کے انعقاد پر صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ انصاف کی دیر سے فراہمی بھی ناانصافی ہے تاہم صوبائی محتسب سندھ کی عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی خوش آئند عمل ہے۔ سیمینار سے خطاب میں رجسٹرار صوبائی محتسب سندھ مسعود عشرت نے صوبائی محتسب سندھ دفتر کے اغراض و مقاصد اور طریق کار پر روشنی ڈالی جبکہ ایڈوائزر ریحانہ جی علی میمن نے طلبا کو صوبائی محتسب برینڈ ایمبیسڈر پروگرام سے متعلق آگاہ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات