چیئرمین محمد یوسف کی کوششوں سے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز میں پانی کی بندش کا مسئلہ حل

واٹر لائن کی تنصیب سے نارتھ کراچی سیکٹر 8-9-10 اور الیون سی کے مکینوں کو پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی

منگل 29 اپریل 2025 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)نیو کراچی ٹاؤن کے رہائشیوں کے لیے خوشخبری، چیئرمین محمد یوسف کی کوششوں سے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز میں پانی کی بندش کا مسئلہ حل۔واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے واٹر لائن کی تنصیب سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید۔سیکٹر 9 نارتھ کراچی میں جاری گیس کمپنی کے کام کے دوران پینے کے پانی کی مرکزی لائن کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت اور تبدیلی کا کام مکمل کر لیا گیا۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی خصوصی ہدایت پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اس اہم منصوبے کی خود نگرانی کی، جس کے بعد پانی کی نکاسی کا نظام آج رات تک بحال ہو جانے کی توقع ہے۔تفصیلات کے مطابق، دو ہفتے قبل سیکٹر 9 نارتھ کراچی میں گیس کمپنی کی جانب سے جاری ترقیاتی کام کے دوران پینے کے پانی کی لائن اچانک ٹوٹ گئی تھی، جس کے نتیجے میں نیو کراچی ٹاؤن کے سیکٹر 8، 9، 10 اور 11C کے مکینوں کو پانی کی بندش کے باعث روزمرہ امور کی انجام دہی میںشدید دشواری پیش آرہی تھی علاقہ مکین پانی کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کررہے تھے جبکہ مساجد اور اسکولوں میں بھی پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

شہریوں کی شکایات اور عوامی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے فوری طور پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی نگرانی میں پانی کی لائن کی مرمت اور نئے پائپ ڈالنے کا کام مکمل کرائیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ واٹر بورڈ حکام، کنٹریکٹرز اور بلدیاتی عملے کی مشترکہ کاوشوں سے مرمتی کام کا آغاز کیا گیا۔

وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ گیس کمپنی کے ترقیاتی کام کے دوران پیش آنے والے اس مسئلے کے باعث عوام کو جو مشکلات پیش آئیں، ان کا ہمیں احساس ہے۔ اسی لیے چیئرمین محمد یوسف کی ہدایت پر فوری اقدامات کرتے ہوئے نہ صرف پانی کی پرانی لائن کی مرمت کی گئی بلکہ جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں نئی لائن بھی ڈالی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آج رات تک ان تمام سیکٹرز میں پانی کی ترسیل بحال ہو جائے گی اور شہریوں کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔علاقہ مکینوں نے بھی بلدیاتی انتظامیہ کی فوری کارروائی اور شعیب بن ظہیر کی نگرانی میں مرمتی کام کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات سے ایک بڑا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی شہری مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی نمائندے اسی طرح متحرک اور فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران گیس، پانی اور بجلی کی لائنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ایسی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔