Live Updates

چیئرپرسن پیرا ڈاکٹرسیدہ ضیاء بتول سے ترک کونسلر برائے تعلیم ڈاکٹر مہمت ٹوران کی ملاقات

منگل 29 اپریل 2025 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول کی ترک سفارت خانہ اسلام آباد کے کونسلر برائے تعلیم ڈاکٹر مہمت ٹوران سے ملاقات ہوئی۔ گزشتہ روز پیرا کے آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلیمی تعاون کو بڑھانے، پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا جووفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وژن کے مطابق ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد اور ترکیہ میں نجی تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی تعاون اور وسائل کے اشتراک کی حوصلہ افزائی کے لیے سسٹر سکول پروگرام کے فروغ،پاکستانی طلباء کے لیے ترکیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے وظائف کے مواقع بڑھانا، تعلیمی و ثقافتی تبادلے کے اقدامات، نمائش کا انعقاد اور باہمی علمی مقابلہ جات جیساکہ ”جناح ینگ رائٹزایوارڈ“اور باہمی تعاون کو بڑھانا جیسے اقدامات پر بات کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سیدہ ضیا ء بتول نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات میں طلبہ و طالبات کی مشترکہ سرگرمیوں سے مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے پاک ترک معارف فائونڈیشن کے ایل ایم ایس ماڈیول ڈویلپمنٹ اور اساتذہ کے لیے پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے اقدامات کو سراہا اور جدت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے اور باہمی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے پاکستانی سکولوں کے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔

اپنی گفتگو میں ڈاکٹر مہمت نے دونوں ممالک کے مشترکہ وژن پر روشنی ڈالی اور دونوں ملکوں کی ثقافت کے فروغ کیلئے تعلیم کے شعبہ میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ ہی ترکیہ میں تعلیمی قابلیت حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء کو مزید وظائف کی پیشکش پر آمادگی ظاہر کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے سکولوں اور طلباء کے درمیان رابطے کو بڑھانا، تعلیمی میدان میں دونوں ملکوں کے باہمی روابط کو مضبوط بنانا اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں مشترکہ کوششوں کو تیز تر کرناتھا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات