Live Updates

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر مائیکرو اسکولنگ پروگرام کا آغاز

علم کا نور گھر گھر پہنچانیکی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان

منگل 29 اپریل 2025 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے بہادر آباد مرکز سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر مائیکرو اسکولنگ پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے جو کہ علم کا نور گھر گھر پہنچانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کی وژنری قیادت میں مائیکرو اسکولنگ پروگرام پاکستان کے طول و عرض میں جہالت کے اندھیروں کو مٹانے اور علم کی روشنی پھیلانے کا موجب ہوگا، ترجمان نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں نیف ٹیک (NAVTTC) کی زیر نگرانی ایک اورینٹیشن سیشن کا انعقاد ہوا جس میں گھروں کو اسکولوں کا درجہ دینے کے طریقہ کار اور قابل عمل میکانزم پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس پروگرام کے تحت خواتین اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بچوں کو تعلیم فراہم کریں گی، تاکہ ایسے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بھی تعلیمی سہولت مہیا ہو سکے جہاں رسمی اسکولنگ کا نظام محدود ہے، یہ منصوبہ موجودہ دور میں تعلیم کو عام کرنے کی ایک روشن کرن ثابت ہوگا، جو کہ ایم کیو ایم کی تعلیم دوست پالیسی کا عملی نمونہ ہے، اس سیشن میں شرکا کو مزید آگاہی دی گئی کہ مائیکرو اسکولنگ سسٹم نہ صرف تعلیم تک رسائی کو آسان بنائے گا بلکہ خواتین کو بھی ایک نیا تعلیمی اور سماجی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات