Live Updates

وزیر مواصلات سے قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کی وفد کے ہمراہ ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

پاکستان سے قزاخستان ڈائریکٹ فلائٹ کے ساتھ ساتھ ویزہ شرائط بہتر ہونی چاہئیں، عبدالعلیم خان

منگل 29 اپریل 2025 19:15

ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف نے وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ اور باہمی تعلقات میں اضافے پر تفصیلی گفتگو کی۔منگل کو وزارت مواصلات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے ڈائریکٹ فلائٹس کا آغاز ہونا چاہیے،اسی طرح قزاخستان کا دورہ کرنے والے تاجروں اور سیاحوں کو ویزے کیلئے بہتر شرائط ہونی چاہئیں۔

انہوں نے اپنے دورہ سینٹرل ایشیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان مختلف شعبوں میں خاصی پیشرفت ہو سکتی ہے اور پاکستان سے وسط ایشیائی ریاستوں تک روڈ انفراسٹرکچر میں بہتر ی لانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ تجارتی ترقی کے لئے زمینی رابطوں کو کنجی کی حیثیت حاصل ہے اور سڑکوں اور ریلوے کے ذریعے باہم موثر رابطہ ہی روشن مستقبل کا ضامن ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے راستے سینٹرل ایشیا سے منسلک ہو سکتا ہے جس کے لئے قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اپنی گفتگو میں قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف نے کہا کہ ان کا ملک آئندہ 5 برسوں میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے زمینی رابطے بڑھانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے قزاخستان کے شعبہ مواصلات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے جدید نظام کے بارے میں بات چیت کی اور پاکستان کے اپنے دورے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف وزرا سے ان کی ملاقاتیں سود مند رہی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان میں قزاخستان کے سفیر یرزہان کستافن اور چیئرمین ٹریڈ منسٹری، ریلوے اینڈ واٹر کے ڈپٹی چیئرمین، انرجی اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی منسٹرز اور مینجمنٹ بورڈ کے سی ای او صاحبان بھی موجود تھے جبکہ وفاقی سیکرٹری مواصلات، این ایل سی، میری ٹائم وزارت اور سینئر افسران نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو دورہ قزاخستان کی دعوت دی جس پر انہوں نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد قزاخستان ضرور آئیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات