Live Updates

خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل کسی صورت قابل قبول نہیں، خورشید کاکا جی

بل عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ،حکومت فوری واپس لے ، رہنماء پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی

منگل 29 اپریل 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری خورشید کاکا جی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025ء کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، یہ بل عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت فوری طور پر اس بل کو واپس لے اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے سے گریز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں پختونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلع سوات کے سیکرٹری علی نامدار، پختونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی صدرغیرت یوسفزئی،سابقہ ضلعی صدر سلام شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ حکومت کو اختیار ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ملک بدر کرے، لیکن جو افغانی قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں اور کاروبار کر رہے ہیں، انہیں رعایت دی جائے اور پاکستان میں رہنے کی اجازت دی جائے۔

خورشید کاکا جی نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا تنظیموں پر عائد پابندی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ نوجوان اپنی آواز مثر انداز میں بلند کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو تنظیم سازی کا آئینی حق حاصل ہے، تاہم اگر کوئی تنظیم غلط مقاصد کے لیے استعمال ہو تو اس کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے۔تقریب کے دوران انہوں نے پختونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نومنتخب عہدیداروں، صدر شیراز خان، جنرل سیکرٹری سیف اللہ عمر اور ایگزیکٹو ممبران نثار خان، عمر خان، سدیس خان، ریحان خان، مدثر، الیاس، ازلان، انس اور اسد سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت تنظیم کی بہتری اور طلبا کی نمائندگی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات