Live Updates

،چینی قونصل جنرل کی جانب سے گوادر کے طلبہ کے سماجی واقتصادی بہتری کے لیے دی گئی اسکالرشپ کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 21:20

iگوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) چینی قونصل جنرل کی جانب سے گوادر کے طلبہ کے سماجی واقتصادی بہتری کے لیے دی گئی اسکالرشپ کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اسکالرشپ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی قیادت میں گوادر یونیورسٹی، بلوچستان اور پاکستان کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کو دی گئی، جن میں میڈیکل، انجینئرنگ اور دیگر اہم شعبوں کے طلبہ شامل ہیں۔

اسکالرشپ کی تقسیم کے لیے طلبہ کے مالی پس منظر اور تعلیمی میرٹ کو بنیاد بنایا گیا۔ تقریب میں 44 ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل عدنان سرور ملک، ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن، 440 بریگیڈ کے بریگیڈیئر احتشام، گوادر فری زون کے ڈپٹی جنرل منیجر مسٹر لیو ایخو، گوادر پورٹ کے ایکٹنگ چیئرمین داود کلمتی، پاکستان نیوی کے کموڈور اورنگزیب، رجسٹرار گوادر یونیورسٹی دولت خان، سول و عسکری افسران، میڈیا نمائندگان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران پاک-چین ترقیاتی تعاون پر مبنی مختلف ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں جن میں گوادر پورٹ اور شہر کے مستقبل کا تفصیلی جائزہ دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ چینی حکومت کی جانب سے ایک اہم اور مثبت شروعات ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جولائی اور فروری کے دوران بیجنگ یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یوز سائن کیے جائیں گے تاکہ گوادر کے طلبہ کو مزید بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے پاکستان میں چینی قونصل جنرل اور حکومت چین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گوادر فری زون کے ڈپٹی جنرل منیجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ گوادر کے نوجوانوں کے لیے ایک قیمتی سپورٹ ہے تاکہ وہ بہتر تعلیم حاصل کر کے اپنا اور علاقے کا مستقبل روشن بنا سکیں۔جی او سی 44 ڈویڑن میجر جنرل عدنان سرور ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ نہ صرف گوادر بلکہ بلوچستان اور پاکستان کے لیے بھی خوشحالی اور دیرپا امن کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد اور دوستی کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اس اسکالرشپ کو صرف تحفہ نہ سمجھیں بلکہ اسے ایک ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں۔جی او سی نے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں تعلیمی بہتری اور مزید ٹرانسفارمیشن کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم چینی قونصل جنرل مسٹر یانگ لیندونگ نے اس اسکالرشپ کو پاک-چین دوستی کے فروغ کا شاندار پیغام قرار دیا اور گوادر یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر جی او سی میجر جنرل عدنان سرور ملک نے طلبہ میں اسکالرشپ کے چیکس تقسیم کیے اور گوادر یونیورسٹی کے رجسٹرار کو بھی اسکالرشپ کا چیک پیش کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات