بلوچستان،زیارت سے 7 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں

منگل 29 اپریل 2025 22:10

زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)بلوچستان کے ضلع زیارت سے 7افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر زیارت ذکااللہ کے مطابق منگل کی صبح ضلعی انتظامیہ کو زیارت کے علاقے گونجا تنگی کے مقام پر 7لاشوں کی اطلاع ملی، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کو ایمبولنسز کے ہمراہ جائے وقوع روانہ کیاتاہم، جائے وقوع سے قریب چوتیر کے مقام پر علاقہ مکینوں نے احتجاجاً شاہراہ کو بلاک کر رکھا تھا اور علاقہ مکینوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ مارے جانے والے افراد کا تعلق چوتیر یا ضلع زیارت سے نہیں اور اگر یہ تمام افراد دہشت گرد ہیں اور نہ ہی یہ لوگ پہلے کبھی اس علاقے میں نظر آئے۔

ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں لاشیں ملنے کے بعد اس ہی کو جواز بنا کر ہمارے علاقے میں کوئی آپریشن نہ شروع کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ علاقہ مکینوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد جائے وقوع پر پڑی لاشیں ضلعی انتظامیہ نے اپنی تحویل میں لے لیں، جنہیں بعد ازاں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈ کواٹر زیارت منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت ذکا اللہ نے بتایاکہ اس حوالے سے ہم نے زیارت میں مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی سے بھی رابطہ کیا، تاہم انہوں نے بھی اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو منتقل ہونے کے بعد لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی کیونکہ تمام افراد بظاہر غیر مقامی لگ رہے ہیں، جنہیں مزید ضروری کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔