۷پشتون غیور عوام کی جانب سے گزشتہ انتخابات میں پشتونخوا نیپ کے امیدواروں کی بھرپور حمایت پر ان کے مشکور ہیں

منگل 29 اپریل 2025 22:20

مسلم باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ جمہور کی رائے سے انکار کی ملک دشمن پالیسی اور دھاندلی و فارم 47 کے ذریعے مسلط جعلی حکومتوں کے باعث ملک مزید بحرانوں کا شکار ہو جائیگا مقتدر قوتیں اور مسلط جعلی حکمران برسرزمین حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے ملک میں غیر جانبدار آزاد الیکشن کمیشن کے قیام، شفاف، غیر جانبدارانہ عام انتخابات کا انعقاد، حقیقی جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی، قوموں کی برابری اور ان کے وسائل پر کنٹرول تسلیم کرنے اور پشتونخوا وطن پر متحدہ قومی خود مختیار پشتونستان یا پشتونخوا کے قیام سے سیاسی استحکام کی شروعات ممکن ہے پشتون غیور عوام کی جانب سے گزشتہ انتخابات میں پشتونخوا نیپ کے امیدواروں کی بھرپور حمایت پر ان کے مشکور ہیں نام نہاد جعلی اسمبلی کے ذریعے مائنز اینڈ منرل بل کی منظوری اور ہمارے وسائل اور ہمارے زمینوں کی بوگھس الاٹمنٹ پشتون اور بلوچ اقوام کو کسی صورت قابل قبول نہیں وہ کلی مرغزن میں عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس سے پارٹی رہنماں اللہ نور خان ، سردار آصف خان سرگڑھ ، محمود علی کاکڑ، حبیب اللہ خان اور حاجی نور محمد عرف حاجی میرو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ افغان کڈوال عوام کے خلاف جبری بے دخلی کا کریک ڈان ملکی، بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹرڈ کی خلاف ورزی ہے اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین UNHCR افغان کڈوال عوام کی مدد کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس نام پر سالہا سال تک اس علاقے کی نمائندگی کرنے والوں نے کسی بھی شعبہ زندگی میں عوام کے مسائل حل نہیں کئے بلکہ ذاتی و گروہی مفادات اور رشوت خوری کے ذریعے ارب پتی بن گئے اور اس تمام علاقے کے عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے اب بھی محروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشتون عوام تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دیں اور اس سلسلے میں کسی پروپیگنڈیکا شکار نہ ہو۔ا نہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل، جنگلات، پہاڑی سلسلوں اور زرخیز زمینوں پر جعلی اور بوگھس الاٹمنٹ اور غیر مقامی افراد کے قبضے کسی صورت قابل قبول نہیں پشتون غیورعوام قومی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے معدنی وسائل اور زمینوں کی حفاظت کیلئے متحد ہوکر آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ پشتون افغان ملت کو اس ملک میں جس اذیت ناک صورتحال اور سنگین مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے اور جعلی دہشتگردی اور لاقانونیت کے باعث ان کی نسل کشی کی وجہ قومی غلامی ہے پشتون غیور عوام قومی غلامی سے نجات کا احساس کرنے اور متحد ہوکر پشتون قومی تحریک کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔