ئ*متنازع نہریں نکالنے کے معاملے پر خیرپور ببرلو بائی پاس پر دیا جانے والا دھرنا ختم

وکلا کی جانب سے 12 روز سے دیا گیا دھرنا سندھ حکومت کے وفد سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا

منگل 29 اپریل 2025 22:20

k کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)دریائے سندھ سے متنازع نہریں نکالنے کے معاملے پر خیرپور ببرلو بائی پاس پر دیا جانے والا دھرنا مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا، 12 روز سے بند ٹریفک بحال ہونا شروع ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق، خیرپور کے ببرلو بائی پاس پر وکلا کی جانب سے 12 روز سے دیا گیا دھرنا سندھ حکومت کے وفد سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

وکلا کے ایک وفد نے ہائیکورٹ بار سکھر میں سندھ حکومت کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، جن میں صوبائی وزیر ضیائ لنجار بھی شریک تھے۔مذاکرات کے دوران وکلا نے کینالز (نہروں) کی منظوری کے حوالے سے نوٹیفکیشن طلب کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ضیائ لنجار نے واضح کیا کہ سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹس) نے تاحال کینالز کی منظوری نہیں دی ہے، جس کے باعث نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا۔مذاکرات کی کامیابی کے بعد وکلا نے ببرلو بائی پاس پر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ اپنے قانونی اور آئینی مطالبات کے لیے پرامن احتجاج جاری رکھیں گے تاہم موجودہ پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔