Live Updates

فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا خود بھارتی جنرل نے ہی پھوڑ دیا،بیرسٹر سیف

بدھ 30 اپریل 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا خود بھارتی جنرل نے ہی پھوڑ دیا۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈے کا پول کھل گیا، فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا خود بھارتی جنرل نے پھوڑ دیا ہے، جس سے مودی حکومت کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک بھارتی جنرل کا حالیہ بیان مودی سرکار کے فاشسٹ نظام کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے، بھارتی فوج کے اعلیٰ عہدیدار خود اعتراف کر رہے ہیں کہ فالس فلیگ آپریشنز کس طرح اندرونی سازش کے تحت کیے جاتے ہیں، تاکہ پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رہے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ بھارت کے سول اور ملٹری افسران ایسے اقدامات کے گواہ بن چکے ہیں، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی بڑھانا اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور فالس فلیگ کارروائیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ صوبائی مشیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی ان چالاکیوں اور پروپیگنڈہ مہم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات