Live Updates

لاہور چیمبر کا پاک افواج سے مکمل اظہار یکجہتی، نریندر مودی عالمی امن کے لیے خطرہ ہی: میاں ابوذر شاد

ہماری مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ، قوم کا فخر اور دشمنوں کے خلاف مضبوط ڈھال ہیں، صدر لاہور چیمبر

بدھ 30 اپریل 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کی مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے ان کی شب و روز کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی حکومت کی توسیع پسندانہ اور انتہاپسندانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو خطے کے امن کے لیے خطرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث اور جنگی جرائم کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ نریندر مودی کو "بین الاقوامی مجرم" قرار دے کر اس کا محاسبہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی، سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیاں اور پاکستان کے خلاف جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ نہ صرف خطے کو غیر مستحکم کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید تشویش کا باعث بن چکا ہے۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ، قوم کا فخر اور دشمنوں کے خلاف مضبوط ڈھال ہیں۔ ہم اپنے فوجی جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس نازک وقت میں پاک فوج اور ریاستِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ نریندر مودی کی سیاست کا ریکارڈ ط چاہے وہ 2002ء کا گجرات قتلِ عام ہو، آرٹیکل 370 کی منسوخی ہو، کشمیر میں فوجی محاصرہ ہو یا مسلمانوں پر منظم مظالم ہوں ، سب اس کی انتہاپسند ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں جو عالمی اصولوں اور انسانی اخلاقیات کو روند رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں موجود اقلیتوں، علاقائی امن اور جمہوری قدروں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ اگر دنیا نے اب بھی خاموشی اختیار کی تو نتائج مزید سنگین ہوں گے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانیے، دہشتگردی کی پشت پناہی اور نفرت انگیز پراپیگنڈے کے منظم نیٹ ورک کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ سب خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا مذموم منصوبہ ہے۔

انہوں نے عالمی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ سفارتی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر بھارت کو اس کے جرائم کا جوابدہ بنائیں۔صدر میاں ابوذر شاد نے تمام قومی اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی اور کاروباری طبقے سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ایک پرچم تلے متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گا۔ مودی حکومت کو پیغام واضح ہے کہ پاکستان متحد ہے، ہماری افواج مضبوط ہیں اور ہم اپنے وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات