Live Updates

پاکستان اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، قومی اتحاد اورقابل اعتماد قیادت ناگزیر ہے. پی ٹی آئی کور کمیٹی

مودی سرکار کے تحت چلنے والا بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے‘عمران خان کو کو رہا کیا جائے‘ان کی قوم کو متحرک اور متحد کرنے کی صلاحیت بے مثال ہے. مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 مئی 2025 15:46

پاکستان اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، قومی اتحاد اورقابل اعتماد قیادت ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم مئی ۔2025 )تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے جبکہ بھارت کی طرف سے مسلسل دھمکیوں کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ایسے وقت میں قومی اتحاد اورقابل اعتماد قیادت ناگزیر ہے ،عمران خان کا واضح پیغام ہے امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے بزدلی نہیں سمجھنا چاہیے تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ میں بھارت کی جنگی تیاریوں اور تسلط پسند عزائم کی شدید مذمت کی گئی.

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا کہ مودی سرکار کے تحت چلنے والا بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ بحرانی صورتحال میں قومی اتحاد اور ایک قابل اعتماد قیادت ناگزیر ہے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سب سے قابل اعتماد رہنما عمران خان اس وقت پابند سلاسل ہیں، جو جیل سے بھی پاکستان کی خودمختاری کے دفاع اور قومی یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں.

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ امن کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے جبکہ جنگ کی حمایت کی بجائے امن کو ترجیح دی جانی چاہیے تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی قیادت ایک خاموش اورغافل حکومت کر رہی ہے، عمران خان واحد رہنما ہیں جو پاکستان کی خود مختاری کے دفاع اور قومی اتحاد کا مطالبہ کررہے ہیں بحران کی اس گھڑی میں ان کی قیادت ناگزیر ہےانہیں خاموش رکھنا اور قید تنہائی میں رکھنا صرف ایک شخص سے نہیں بلکہ پورے ملک اور قوم سے دشمنی کے مترادف ہے.

اعلامیہ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک انصاف اپنی قیادت کی رہائی اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ میدان میں ہے تاکہ قوم متحد ہو کر اپنی مقدس سرحدوں کا دفاع کر سکے.
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات