Live Updates

ایچ بی ایل پی ایس ایل10 ،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے ہرادیا،ملتان سلطانز پلے آف کی دوڑ سے باہر۔

جمعرات 1 مئی 2025 23:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے دی،یہ کراچی کنگز کی سات میچوں میں چوتھی کامیابی ہے۔ اس جیت کے بعد اس کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں ، ملتان سلطانز کی 8 میچوں میں یہ 7 ویں شکست ہے اور اگر وہ اپنے اگلے دونوں میچ جیت بھی لے تب بھی اس کے 6 پوائنٹس ہونگے یوں وہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے،قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 204 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز 16 اعشاریہ ایک اوورز میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنرز ٹم سائیفرٹ اور کپتان ڈیوڈ وارنر نے کراچی کنگز کو 53 رنز کا جارحانہ اسٹارٹ دیا۔ سائیفرٹ3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سی22 رنز بناکر عبید شاہ کی گیند پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ وارنر جو مائیکل بریسویل کے ایک ہی اوور میں 24 رنز اسکور کرچکے تھے 2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سی30 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر کامران غلام کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

60 کے مجموعی اسکور پر عمیر بن یوسف صرف ایک رن بناکر عبید شاہ کی گیند پر ڈیوڈ ولی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز ونس اور عرفان خان نے چوتھی وکٹ کیلئے 78 رنز کا اضافہ کیا۔ عرفان خان 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سی40 رنز بناکر کیمفر کی گیند پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز ونس جنہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں سنچری اسکور کی تھی اس مرتبہ انہوں نے 65 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

انہوں نے خوشدل شاہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔ خوشدل شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر صرف 13 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے جس میں2 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔عبید شاہ نے 49 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان سلطانّز کو ابتدا ہی میں کپتان محمد رضوان کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے عباس آفریدی کی گیند پر سائیفرٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ملتان سلطانز اپنے ہدف سے دور ہوتی چلی گئی۔

عثمان خان ایک ، یاسر خان 26 کرٹس کیمفر 12 افتخار احمد 8 اور مائیکل بریسویل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔کراچی کنگز کی طرف سے محمد نبی نے 14 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔خوشدل شاہ نے 26 اور میرحمزہ نے 15رنز دے کردو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ملتان سلطانز اپنا 9 واں میچ 5 مئی کو پشاور زلمی اور 10 واں میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات