Live Updates

پاکستان ،بھارت جنگ کی صورت چین پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوگا‘ مشاہد حسین سید

جنگ اس لیے ہوتی نظر نہیں آرہی کیونکہ بھارت پاکستان کی صلاحیت کو جانتا ہے‘ انٹر ویو میں گفتگو

جمعہ 2 مئی 2025 12:16

پاکستان ،بھارت جنگ کی صورت چین پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوگا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)سابق وفاقی وزیر اور بین الاقوامی امور کے ماہر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورت چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوگا، کیونکہ چینی خارجہ پالیسی، علاقائی حکمت عملی اور چینی اسٹریٹجی میں پاکستان کا دفاع ریڈ لائن میں شامل ہے،چین بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا ترجمان ہے اور پاکستان بھی چین کا سچا دوست ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی میں دنیا پاکستان کے موقف کی تائید کررہی ہے کیونکہ پاکستان حق پر کھڑا ہے، اس وقت دنیا کی 3 بڑی طاقتیں امریکہ ، چین اور روس پاکستان کے ساتھ ہیں۔پاکستان بھارت جنگ ہوتی نظر نہیں آ رہی تاہم اگر جنگ ہوئی تو افواج پاکستان سمیت حکومت اور قوم مکمل تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنگ اس لیے ہوتی نظر نہیں آرہی کیونکہ دشمن ملک بھارت پاکستان کی صلاحیت کو جانتا ہے، دوسرا یہ کہ بھارت کو جنگ کے لیے امریکہ سے این او سی بھی نہیں ملا، تیسرا یہ کہ بھارتی معیشت جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، ماضی میں بھی جنگی حالات کے باعث غیرملکی سرمایہ کار واپس جارہے تھے۔

مشاہد حسین سید نے کہاکہ انٹر نیشنل میڈیا پاکستان کی حقانیت بیان کررہا ہے، بلوم برگ اور نیو یارک ٹائمز نے کہا ہے کہ بھارت الزامات پر ثبوت نہیں دے سکا، بھارتی انٹیلی جنس کی بریفنگ میں خود یہ بات تسلیم کی گئی کہ پہلگام واقعہ بھارتی سکیورٹی کی ناکامی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے موقع پر پاکستان میں بڑے زبردست اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا، ہماری حکومت، اپوزیشن، فوج اور عوام مکمل اتفاق و اتحاد کے ساتھ جنگ کے لیے تیار ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ایک بھارت ممبر آف پارلیمنٹ نے اسمبلی میں کہا ہے کہ ہر بات کا الزام پاکستان پر لگانا مناسب نہیں، بھارتی عوام مودی سرکار کے اقدامات سے خوش نہیں، عوام کی جانب سے حکومت کی مخالفت میں اضافہ ہورہا ہے۔مودی ہندوتوا کے نظریے پر چل رہا ہے، بھارتی وزیراعظم نے قائداعظم کا دو قومی نظریہ کو سچ ثابت کردیا، بھارت میں درحقیقت آر ایس ایس کی حکومت ہے، جو شدت پسند لوگ ہیں۔مشاہد حسین سید نے کہاکہ پہلگام واقعہ بھارت کا پری پلان اقدام تھا جس کا ثبوت یہ ہے کہ واقعہ کے 5 منٹ بعد ہی پاکستان پر الزام لگا دیا گیا۔بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی ہمت، صلاحیت اور اسٹریٹجی بہت شاندار ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات