Live Updates

مقبوضہ کشمیر،بڑے پیمانے پر چھاپے، گرفتاریاں اوراملاک تباہ کرنے کا سلسلہ جاری

جمعہ 2 مئی 2025 18:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) بھارتی فوجیوں نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںبڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں جاری رکھیں ۔ فوجیوں نے مختلف اضلاع میں چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں جس سے کشمیریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے سرینگر شہر میں تقریبا دو درجن سے زائد گھروں پر چھاپے مارے ۔

فوجیوں نے بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، بڈگام، شوپیاں، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، کشتواڑ، ڈوڈہ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بھی چھاپے مارے۔ بھارتی فوجیوں نے اہم دستاویزات ، موبائل فون اورلیپ ٹاپس سمیت ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے،لوٹ مار کی اور مکینوں کو ہراساں کیا۔

(جاری ہے)

22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں 2500سے زائد کشمیریوں کو گرفتار جبکہ تین درجن مکانات کو مسمار کیا گیا ہے۔

بھارتی حکام نے ضلع پونچھ کے علاقے کسبلاری میں محمد ریاض کی ایک کنال 11مرلے پر مشتمل آبائی زرعی اراضی کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت ضبط کرلیا ہے ۔ اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے، بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو ان کے گھروں ، زمینوں اور شناخت سے محروم کرنے کی مہم تیز کر دی ہے۔

ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو معاشی طور پر مفلوج اور محکوم بنانا اورمقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں کی طرف سے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کے باوجودکشمیریوں کے خلاف جاری سخت کریک ڈائون کی شدید مذمت کی ہے ۔سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے دوکشمیری نوجوانوں الطاف لالی اور غلام رسول کے جعلی مقابلوں میں قتل کی مذمت کی ۔

انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں نے دونوں نوجوانوں کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہزاروں کشمیریوں کو جبری طورپر گرفتار اور دھماکہ خیز مواد کے ذریعے متعدد گھروں کو تباہ کر دیاگیاہے۔ میرواعظ نے کشمیریوں کو منظم طور پربدنام کرنے کی بھارتی میڈیا کی مہم کی بھی مذمت کی ، جس کی وجہ سے بھارت بھر میں مقیم کشمیری طلبا اورتاجروں میں شدید خوف پھیل گیا ہے اور بہت سے کشمیریوں گھر واپس جانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں، کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور املاک مسمارکرنے کی جاری مہم کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دینے کیلئے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا حصہ ہیں۔ حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی ترک کرے ، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے بھارت پردبائو ڈالے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات