Live Updates

26نومبر احتجاج، پی ٹی آئی کے 82 گرفتارملزمان کو4،4 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی

اے ٹی سی عدالت نے اعتراف جرم کرنے والے ملزمان کو پندرہ، پندرہ ہزار روپے جرمانے کی سزابھی سنائی، ملزمان کی آئندہ کسی احتجاج میں حصہ نہ لینے کی یقین دہانی، عدالت نے 24 مقدمات میں تمام حاضر ملزمان پر فرد جرم بھی عائد کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 17:16

26نومبر احتجاج، پی ٹی آئی کے 82 گرفتارملزمان کو4،4 ماہ قید کی سزا سنا دی ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر 2024 مقدمات کے 82 گرفتار ملزمان کو اعتراف جرم پر 4، 4 ماہ قید کی سزا دی،عدالت نے 24 مقدمات میں تمام حاضر ملزمان پر فرد جرم بھی عائد کر دی،عدالت نے اعتراف جرم کرنے والے ملزمان کو پندرہ، پندرہ ہزار روپے جرمانے کی سزابھی سنائی،عدالت نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے 24 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا، پولیس نے 124 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جبکہ ضمانت پر موجود 362 ملزمان بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران احتجاج کرنے کا اقبال جرم کرنے والے 82 ملزمان کو عرصہ حوالات کی سزائیں سنائی گئیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ اقبال جرم کرنے والے82 کارکنوں نے جتنی جیل کاٹی وہی عرصہ قید سزا ہوگی۔

عرصہ حوالات سزائیں ایک ماہ سے 3 ماہ تک قید دنوں کی شمار ہوں گی۔پیش ہونے والے ملزمان نے عدالت سے استدعا کی کہ غریب افراد تھے۔ مقامی قیادت کے اکسانے پر ایسا اقدام کیا۔ آئندہ کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیں گے۔ نرم رویہ اختیار کیا جائے۔عدالت نے کسی بھی ملزم کو عرصہ حوالات سزا کے ساتھ کسی قسم کا کوئی جرمانہ نہیں کیا جب کہ اقبال جرم سے انکار کرنے والے تمام ملزمان کے خلاف آئندہ تاریخ پر گواہان کو طلب کرلیا گیا۔

عدالت نے غیر حاضر رہنے والے ایک ہزار 49 ملزمان کی ضمانت خارج کیں۔ جج نے 25 ملزمان کی ضمانتیں بعد ازگرفتاری بھی خارج کردیں جبکہ شناختی کارڈ بلاک کرنے اور اکاونٹ منجمد کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔بعدازاں عدالت نے مقدمات کی سماعت 7، 8 اور 9 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعتوں پر سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات بھی دئیے۔26 نومبر کے احتجاج میں 24 مقدمات میں کل ملزمان کی تعداد ایک ہزار 609 ہے۔

خیال رہے کہ سانحہ 24اور26 مئی کے 15 مقدمات ڈسٹرکٹ اٹک اور 9 راولپنڈی میں درج ہیں۔ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج اور پرتشدد مظاہروں پر مختلف تھانوں میں مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کئے گئے تھے۔ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپور و دیگر پارٹی رہنماوں اور سیکڑوں کارکنان کے خلاف دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج کئے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات