Live Updates

پنجاب میں سانس لینا جرم بنا دیا گیا، جعلی وزیراعلی خود کو ڈکٹیٹر سمجھنے لگ گئی ہیں

ہمارے گھر ریڈ کرکے چادر ،چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، بحیثیت ریاست ہمیں ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، باشعور طبقہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہے۔رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 اگست 2025 19:05

پنجاب میں سانس لینا جرم بنا دیا گیا، جعلی وزیراعلی خود کو ڈکٹیٹر سمجھنے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اپنے گھر پر پولیس چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے ہمارے گھر پر ایک بار پھر ریڈ کیا گیا اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا،عموماُ تو یہی ہوتا ہے جمہوریت میں کوئی طبقہ احتجاج کرے اور خدانخواستہ سرکاری املاک کا نقصان کرے تو ادارے حرکت میں آتے ہیں لیکن یہاں یہ ہوتا ہے کہ ابھی احتجاج شروع بھی نہیں ہوتا اور اس سے پہلے ہی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے اس سے بڑے جرائم ریاست کر دیتی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سانس لینا جرم بنا دیا گیا ہے اور جعلی وزیراعلی اپنے آپ کو ڈکٹیٹر سمجھنے لگ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بحیثیت ریاست ہمیں ہوش کے ناخن لینا ہوں گے،ایسی فسطائیت سے انسانی حقوق، جمہوریت، شہری اور شخصی آزادیوں کے حوالے سے ہماری منزل کھوٹی ہو رہی ہے، ہمارا ملک پیچھے کی طرف جا رہا ہے، ہمارا نوجوان مایوس ہو رہا ہے اور ہر باشعور طبقہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہے۔

مزید برآں نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاجی تحریک کے باضابطہ آغاز کے بعد پارٹی کے ایک رہنما اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق کیس میں5 اگست 2023 سے جیل میں ہیں اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں، ان پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت دیگر مقدمات بھی زیرِ التوا ہیں۔

عمران خان نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی تھی، جو ان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پرپانچ اگست کو اپنے عروج پر پہنچنا تھی۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ 5 اگست احتجاج کا نقطہ آغاز ہے مگر اسے آخری کال نہ سمجھا جائے۔پی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ ریحانہ ڈار جیسی بزرگ خاتون کو پنجاب پولیس جس طرح گھسیٹ رہی ہے، وہ انتہائی شرمناک منظر ہے۔پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کردہ ایک ویڈیو میں ریحانہ ڈار کو دکھایا گیا، جو 2024 کے عام انتخابات میں سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف امیدوار تھیں، اور پولیس اہلکار انہیں وین میں بٹھا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات