Live Updates

برطانیہ میں بھارت کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کریں گے ، بھارت نے جارحیت کی تو گھس کر ماریں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

جمعہ 2 مئی 2025 23:06

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ برطانیہ میں بھارت کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کریں گے ، بھارت نے اگر پاکستان میں جارحیت کی تو گھس کر ماریں گے ، بھارت آزاد کشمیر میں بدامنی کے لیے بھی سرمایہ لگا رہا ہے، ہماری اونر شپ مملکت خداد پاکستان لیتا ہے یعنی پوری دنیا کی اونرشپ ایک طرف اور مملکت خداداد پاکستان کی اونرشپ ایک طرف ، الحمد اللہ ہمیں بالکل بھی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے ، برطانیہ میں مظاہروں کی تجویز اچھی بات ہے لیکن ہمیں اس کے لیے یکجہتی کامظاہرہ کرناہوگا ، اس صورتحال میں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس ایک پیج پر ہیں ، غوروفکر اس بات پر کرنا ہے کہ جس مسئلہ کے لیے 3 نسلیں گنوا چکے ہیں ، اس مسئلہ کشمیر کو آگے لے کر کیسے چلنا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے مظفر آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں بین الاقوامی مظاہروں بارے انتہائی باوزن تجویز سامنے آئی ہے ہمیں برطانیہ میں ایک انتہائی طاقتور مظاہرہ کرنا چاہیے ، حکومت آزادکشمیر اس معاملے میں مکمل طور پر آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ بھی انتہائی مؤثر اور اچھی تجویز ہے کہ یہاں آزاد کشمیر میں وزیراعظم پاکستان کا عوامی جلسے میں فقیدالمثال استقبال کیا جائے ، اس یکجہتی کو عوامی جلسے، جلسوں اور ریلیوں میں بھی قائم رکھنا ہے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ان مناسب تجاویز کے ساتھ اور تمام دوستوں کی تجاویز کی توثیق کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ انشاء اللہ مسئلہ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔\932
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات