Live Updates

خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں عالمی شہرت یافتہ ’’ہلٹ پرائز 2025‘‘ کے نیشنل سطح کے مقابلوں کا باقاعدہ

جمعہ 2 مئی 2025 23:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں عالمی شہرت یافتہ ’’ہلٹ پرائز 2025‘‘ کے نیشنل سطح کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس شاندار ایونٹ میں پاکستان کی مختلف جامعات سے 80 ٹیموں کے 300 سے زائد نوجوان طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔ ان مقابلوں کے اختتام پر چھ بہترین ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا جو عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

عالمی مقابلہ جیتنے والی ٹیم کو بطور انعام ایک ملین امریکی ڈالرز ملیں گے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر کے ایم یو کے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ذوہیب خان اور ہلٹ پرائز پاکستان کے نیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل سبحان نے خصوصی خطابات کیے۔ مقررین نے ہلٹ پرائز کے اغراض و مقاصد، قواعد و ضوابط اور نوجوانوں کے لیے اس کے مثبت اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوہیب خان نے کہا کہ ہلٹ پرائز جیسے مقابلے ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں حقیقی دنیا کے سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تخلیقی اور پائیدار حل تلاش کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔انہوں نے اس میگا ایونٹ کے کے ایم یو میں انعقاد کوخیبرپختونخوا اور بالخصوص کے ایم یو کے لیئے اعزاز قراردیتے ہوئے کہا کہ ہلٹ پرائیز کے عالمی مقابلوں کے سلسلے میں پاکستان کے نیشنل ایونٹ سے نہ صرف ہمارے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ انہیں اس پلیٹ فارم سے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

ڈاکٹر فضل سبحان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہلٹ پرائز دنیا بھر کے طلبہ کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ بزنس آئیڈیاز کے ذریعے معاشرتی مسائل کا حل تلاش کر کے دنیا کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی طلبہ عالمی سطح پر بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں دنیا بھر کے ایک سو سے ذائد ممالک کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں ۔

یہ مقابلے سماجی کاروبار (Social Entrepreneurship) کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن کا مقصد تعلیم، غربت، صحت، ماحولیات اور معاشی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے اس نیشنل ایونٹ کی پروقار میزبانی اور بہترین انتظامات پرکے ایم یو کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق،ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ذوہیب خان اور خاص کر کے ایم یو انکوبیشن سنٹر کے انچارج وسیم الحق کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہلٹ پرائیز اور کے ایم یو کے درمیان اشتراک کایہ سلسلہ آئیندہ بھی اسی جوش وجذبے سے جاری رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات