افواج پاکستان ہماری آن، بان، شان اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، پیر ارشد کاظمی

جمعہ 2 مئی 2025 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء) تحریک اہلسنت پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام قادری چورنگی، شاہ فیصل کالونی کراچی میں بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک اہلسنت پاکستان سندھ کے امیر اور رابطہ کمیٹی سندھ کے چیئرمین پیر سید ارشد علی کا ظمی القادری نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری آن، بان، شان اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔

دشمن ہماری سرحدوں کی جانب میلی نگاہ سے دیکھ رہا ہے تو وقت آ گیا ہے کہ ہم یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ شہدا کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ملک ہے۔ اس کا ہر بچہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا دست و بازو ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

مظاہرے کا انعقاد تحریک اہلسنت پاکستان کے چیئرمین و سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدثِ اعظم، صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی اور مرکزی چیف آرگنائزر پیر سید حیدر رضا شاہ کی ہدایت پر کیا گیا۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ممبران شکیل احمد قادری (قادری محلے والی)، محمد رئیس قادری، جمال الدین قادری، شہاب قادری، مولانا سلیم مجددی، مولانا شبیر احمد قادری، مولانا محمد رشید، محمد شہباز قادری، عزیز احمد قادری، علامہ فیاض گولڑوی، فہد قادری، محمد بلال، سید اسامہ، سید شکور سمیت کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مظاہرے کے دوران بھارت مخالف نعرے اور "پاک فوج زندہ باد" کی گونج نے فضا کو جوش و ولولے سے بھر دیا۔ پیر ارشد کا ظمی نے کہا کہ وطن کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اور ہم اپنے ملک کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہم بھارت و اسرائیل کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ تیار ہیں۔