او پی ڈیز میں ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کے لائسنس منسوخ کرانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے پی ایم ڈی سی کو لائسنس کی منسوخی کیلئے مراسلہ ارسال کر دای

جمعہ 2 مئی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2025ء) پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی اوپی ڈیز میں ہڑتال پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس منسوخ کرانے کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو مراسلہ ارسال کر دیا۔پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں ہڑتال کر رکھی ہے جس پر پنجاب حکومت نے بڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ہڑتال میں ملوث ڈاکٹرز کا پریکٹس لائسنس منسوخ کرنے کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو درخواست بھجوادی۔محکمہ صحت پنجاب نے 8 ڈاکٹرز کا پریکٹس لائسنس منسوخ کیلئے پی ایم ڈی سی کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے نام شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق جن ڈاکٹرز کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹر احمد یار، نشترہسپتال کے ڈاکٹر سلمان غفور ،ندیم ثاقب ،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 3 اور بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز کے بھی لائسنس منسوخ کرنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں علاج رکوانے والے ڈاکٹرز کے لائسنس معطل کیے جائیں جبکہ پی ڈی ایم سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس ہمیشہ کیلئے ختم کردیئے جائیں۔