Live Updates

بھارت کے جارحانہ موقف کے تناظر میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ڈائیلاگ کا انعقاد

جمعہ 2 مئی 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے جارحانہ موقف کے تناظر میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں ایک ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا۔ اس کا مقصد بھارت کے جنگی موقف کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور پاکستان کے خلاف اعلان کردہ اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

ڈائیلاگ میں سفارت کاروں، پریکٹیشنرز، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس کے سربراہان اور سکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔ شرکا نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کوئی تحقیقات نہیں کیں اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت مبینہ مداخلت کا کوئی قابل اعتبار ثبوت فراہم کیے بغیر پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ بنانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

شرکا نے یہ بھی کہا کہ بھارت بڑی تعداد میں ممالک کی طرف سے پہلگام حملے کی مذمت کو نئی دہلی کے جنگی اقدامات کی توثیق کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ درحقیقت غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی معقول پیشکش کو عالمی برادری میں بہت سے لوگوں نے مثبت انداز میں دیکھا ہے۔ بھارت اور پاکستان پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھیں۔

عالمی برادری میں یہ احساس بھی ہے کہ دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر علاقائی امن و استحکام کو مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے۔ شرکا نے بھارت کے اس اشتعال انگیز رویے ، اقدامات کا بھی ذکر کیا کہ اس نے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر سندھ طاس معاہدہ کو التواء میں ڈال دیا ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا معاہدہ اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ کہ پاکستان اس معاملے کو ہر مناسب بین الاقوامی فورم پر لے جانے کا حق رکھتا ہے۔

24 اپریل کے این ایس سی کے بیان میں موجود بھارتی کارروائیوں پر پاکستان کے مجموعی ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی طرف سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی اپنی صلاحیت اور عزم دونوں کا اعادہ کیا ہے۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری غیر ذمہ دارانہ بھارتی رویے کا جائزہ لے جو جنوبی ایشیائی خطے کو ایک خطرناک تنازعہ اور انسانی تباہی کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ \932
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات