دبئی میں بھارتی ارب پتی شخص کو منی لانڈرنگ پر 5 سال قید

بلویندر سنگھ ساہنی 2 ارب 52 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کی کار نمبر پلیٹ خریدنے پر مشہور ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 مئی 2025 11:08

دبئی میں بھارتی ارب پتی شخص کو منی لانڈرنگ پر 5 سال قید
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2025ء ) دبئی میں بھارتی ارب پتی شخص کو منی لانڈرنگ کے جرم میں 5 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی میں مقیم ہندوستانی تاجر بلویندر سنگھ ساہنی، جنہیں بڑے پیمانے پر ’ابو صباح‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک مجرمانہ تنظیم کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، عدالت نے بھارتی ارب پتی شخص سے 150 ملین درہم ( 11 ارب 47 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ) ضبط کرنے کا حکم دیا، ان پر 5 لاکھ درہم جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، عدالتی فیصلے کے تحت جیل کی سزا پوری ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ساہنی کو 18 دسمبر 2024ء کو بر دبئی پولیس سٹیشن سے پبلک پراسیکیوشن منتقل کیا گیا تھا، ان میں ساہنی کے بیٹے سمیت کل 33 مدعا علیہان شامل تھے، عدالتی فیصلے کے مطابق مدعا علیہان نے کمپنیوں اور مشکوک مالیاتی لین دین کا استعمال کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کا ایک جدید نیٹ ورک چلایا، تحقیقات سے متحدہ عرب امارات کے اندر اور بیرون ملک وسیع مالیاتی ڈیٹا اور کاروباری روابط کا انکشاف ہوا، جس کے نتیجے میں عدالت نے 150 ملین درہم کو ضبط کرنے کا حکم دیا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ رقم لانڈرنگ کی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک آلات، موبائل فونز اور کیس سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں جنہیں ضبط کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کچھ مدعا علیہان کی غیر حاضری میں مقدمہ چلایا گیا جب کہ دیگر عدالت میں پیش ہوئے، ان میں سے متعدد کو ایک سال قید کی سزا اور 2 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی گئی، علاوہ ازیں اس کیس میں ملوث 3 کمپنیوں میں سے ہر ایک پر 50 ملین درہم جرمانہ عائد کیا گیا، اپنے فیصلے میں عدالت نے ان کمپنیوں کے زیر کنٹرول مجرمانہ اثاثوں کو ضبط کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

بتایا جارہا ہے کہ بلویندر سنگھ ساہنی ایک پراپرٹی مینجمنٹ فرم کے بانی ہیں جو متحدہ عرب امارات، امریکہ، ہندوستان اور دیگر ممالک میں کاروبار کرتی ہے ، ساہنی کو اپنی اعلیٰ سطح کی سرمایہ کاری اور اسراف طرز زندگی کے لیے جانا جاتا ہے، انہوں نے 2016ء میں ممتاز نمبر پلیٹس کی خصوصی نیلامی میں 33 ملین درہم ( 2 ارب 52 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ) میں سنگل نمبر کار پلیٹ 'D5' خریدنے کے بعد عوام کی توجہ حاصل کی تھی۔